English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا کیسز کی بڑھتی شرح،این سی او سی کاپابندیوں کے نفاذ کا آغاز

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (  این سی او سی ) نے ملک میں کورونا کی تیزی سے بڑھتی شرح کے بعد تمام صوبوں کو کوروناوائرس کے حوالے سے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات کرتے ہوئے پابندیوں کا نفاذ شروع کردیا، 17جنوری سے اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی فراہمی پر مکمل پابندی ہوگی۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں بڑھتے کورونا کیسز پر غور اور ایس او پیز کی صورتحال پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے بڑھتے کیسز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا  ہے، وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں کورونا ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا جبکہ وزرائے صحت کے اجلاس میں سماجی اور شادی کی تقاریب، ان ڈور، آٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا۔

این سی او سی کے مطابق 17جنوری سے اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی فراہمی پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔

این سی او سی حکام کا کہنا تھا کہ وفاق کی تمام اکائیاں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کریں۔ این سی اوسی کی جانب سے تمام صوبوں کو کوروناوائرس کے حوالہ سے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور وائرس سے اموات 29ہزار تک جا پہنچی ہیں جب کہ کراچی میں یہ شرح سب سے بلند 35فیصد ہے جہاں سندھ حکومت نے صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے