English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عالمی سطح پر اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا،وزیراعظم

ہری پور،وزیر اعظم عمران خان اسپیشل ٹیکنالوجی زون کا افتتاح کررہے ہیں

پشاور/ہری پور/اسلام آباد(خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، مہنگائی کے اثرات لوگوں تک پہنچنے سے روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے پیر کوپشاور کا دورہ کیا۔ اس دوران ان سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزراء ، گورنر و وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور صوبائی کابینہ کے اراکین اور پی ٹی آئیکے عہدے داروں بھی شامل تھے۔ شرکاء نے وزیر اعظم کو متعلقہ حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور پارٹی کے امورپر گفتگو بھی ملاقات کا حصہ رہی۔ عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ، اشیائے ضروریہ پر مستحق خاندانوں کو رعایت، تعلیمی سہولیات میں بہتری حکومت کے فلاحی ریاست کے قیام کے وعدے کی تکمیل کا سنگ میل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت میں اضافہ ہوا ہے، حکومت خیبر پختونخوا میں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرچکی، جلد سیاحتی مقامات کی ترقی کے لیے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔اجلاس کو خیبر پختونخوا میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں اور اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے اور عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں ہری پور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں دی جانے والی تعلیم کا ملک کی موجودہ ضروریات سے کوئی تعلق نہیں ہے، تعلیم کے ملکی ضروریات سے منسلک نہ ہونے سے نوجوان ڈگریاں ہونے کے باجود بے روزگار ہیں، ایک طرف ملک میں پیشہ ورانہ اور ہنر مند افراد کی ضررت ہے جبکہ دوسری طرف نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد بے روزگار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کو روزگار دینا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، تعلیم، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سیکٹر پر توجہ دے کر ہم اس چیلنج پر قابو پاسکتے ہیں، میرا ایمان ہے کہ ملک تعلیمی اداروں سے بنتے ہیں۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کے اسلاموفوبیا کے خلاف بیان کا خیرمقدم کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، عالمی اورعلاقائی امورپرتبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورروس کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں جس میں تجارتی واقتصادی تعلقات اورتوانائی کے تعاون پرتوجہ مرکوزکی گئی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے، افغانستان کو سنگین انسانی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس نازک موڑ پر افغانستان کے عوام کے لیے عالمی برادری کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے افغان عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کے اجراء کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلے بڑھانے اور افغانستان سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا اورایک دوسرے کو اپنے ممالک کے دورے کی دعوت دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے