اسلام آباد(آن لائن)پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے قومی سیکورٹی پالیسی کو ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور صوبوں کو مشاورت میں شامل نہ کرنے تک جامع پالیسی مرتب نہیں کی جاسکتی ہے۔ منگل کو سینیٹ اجلاس کے دوران انہوںنے کہاکہ پاکستان وفاق ہے، یہاں پارلیمانی طرز حکومت قائم ہے لیکن بدقسمتی سے قومی سیکورٹی پالیسی پر پارلیمان یا صوبوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ریاست کو حق نہیں دے سکتے کہ آئندہ کی پالیسی غیر منتخب لوگ ایگزیکٹو کے ساتھ بیٹھ کر مرتب کرے۔انہوں نے کہاکہ ہم فوج کے نہیں، سویلین اداروں کی ملٹرائزیشن کے خلاف ہیں، 15 عہدے بتائے ہیں جن پر مسلح افواج کے اہلکار تعینات ہیں، کیا وزیر اس بات کو مانتے ہیں یا انکار کرتے ہیں۔ سینیٹ کا اجلاس جمعہ 21جنوری تک ملتوی کردیا گیا۔
