سری نگر(اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںو کشمیر میں گائوکدل قتل عام کی 32ویں برسی کے موقع پر جمعہ کو سری نگر کے متعدد علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی۔بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے21 جنوری 1990 ء کو سری نگر کے علاقے گائو کدل میں اندھا دھند فائرنگ کر کے50سے زاید بے گناہ مظاہرین کو شہید کر دیا تھا۔ یہ مظاہرہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں متعدد خواتین کی بے حرمتی کے خلاف کیا جارہا تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماں نے سری نگر سے جار ی بیانات میں کہاہے کہ گائوکدل اور اس طرح کے دیگر سانحات نے نا م نہاد بھارتی جمہوریت کی قلعی کھول دی ہے ۔ انہوں نے عالمی برداری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مظالم پربھارت کو جواب دہ ٹھہرائے ۔
