دبئی: پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔
آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں پاکستان کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ہمراہ آسٹریلیا کے مچل مارش، انگلینڈ کے جوز بٹلر اور سری لنکا کے ہسا رنگا سمیت 4 کھلاڑیوں کو نامزد کیا تھا، تاہم اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت محمد رضوان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔
آئی سی سی نے محمد رضوان کو گزشتہ سال 1 ہزار 326 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے پر سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
محمد رضوان کا اس حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ ڈبل خوشی اس بات کی ہے کہ اس بار یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے، دنیا کی ٹاپ ٹیمز میں پاکستان کا نام آنا خوشی کی بات ہے۔
قومی وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کاکریڈیٹ ٹیم مینجمنٹ، ساتھی کرکٹرز اور میرے کھیل کا جائزہ لینے والوں کو بھی جاتا ہے، سب کی محنت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں پاکستان ٹیم کا نام ہے۔
آئی سی سی ویمنز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر آسٹریا کی آندریا مائی زبیدہ قرار پائیں جبکہ آئی سی سی ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ عمان کے ذیشان مقصود کے نام رہا۔

