کراچی : حکام نے لانڈھی جیل میں قید بھارتی ماہی گیروں کو جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت 20 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا گیا ہے جنہیں پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔ قیدیوں کو بذریعہ بس لاہور منتقل کیا جائے گا، جہاں انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کے سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن برداشت کررہا ہے۔
رہا ہونے والے بھارتی ماہی گیر مختلف وقتوں میں پاکستانی سمندری حدود سے غیر قانونی مچھلی کا شکار کرنے پر گرفتار ہوئے تھے اور لانڈھی جیل میں سزا کاٹ رہے تھے۔
ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں 588 بھارتی ماہی گیر قیدی موجود ہیں جن میں سے 42 کے کیسز چل رہے ہیں جب کہ 516 سزا یافتہ قیدی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی جیلوں میں 620 پاکستانی ماہی گیر اور دس سویلین قیدی موجود ہیں۔
