English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دے دیا

القمر

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

شہزاد اکبر نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے وزیرِ اعظم کو اپنا استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے بقول، "مجھے امید ہے کہ عمران خان کی قیادت میں احتساب کا عمل کامیابی سے جاری رہے گا اور یہ تحریک انصاف کا منشور ہے۔”

شہزاد اکبر نے وضاحت کی کہ وہ تحریکِ انصاف کے ساتھ منسلک رہیں گے اور بطور قانون دان بھی کام کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان شہزاد اکبر کو عہدے سے ہٹانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم حکومتی حلقوں نے ان خبروں کو افواہیں قرار دیا تھا۔

پیر کو وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی شہزاد اکبر کی ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ” آپ نے شدید دباؤ میں کام کیا اور یہ کام مافیاز کی موجودگی میں اتنا آسان نہیں تھا۔

انہوں نے شہزاد اکبر کی تعریف میں لکھا کہ جس طرح آپ نے کام کیا اور کیسز کو چلایا وہ قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے شہزاد اکبر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم کام آپ کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ شہزاد اکبر پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔ پاکستان میں 2018 کے عام انتخابات کے بعد مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت بنی تو شہزاد اکبر کو وزیرِ اعظم کا معاونِ خصوصی برائے احتساب مقرر کیا گیا تھا۔

شہزاد اکبر قومی احتساب بیورو (نیب) میں بطور ڈپٹی پراسیکیوٹر کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں۔ سابق فوجی آمر پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں نیب میں ان کی خدمات لی گئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے