English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عوام پیپلزپارٹی کیساتھ نہیں ،لانگ مارچ ڈراما ،لال چند مالہی

القمر

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی لال چند مالہی نے کہا ہے کہ عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ نہیں ہے پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ایک فلاپ ڈراما ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق لال چند مالہی نے عمرکوٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی عوام کو پیپلزپارٹی سے خطرہ ہے اور بہت جلد سندھ کی عوام کو پیپلزپارٹی سے نجات دلائیں گے۔ ایم این اے لال چند مالہی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں تعلیم کا بین الاقوامی دن منایا جا رہا ہے لیکن سندھ میں نظام تعلیم کو سیاسی بنادیا گیا ہے سندھ کے 65 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ایم این اے لال مالہی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے انٹرنیشنل ایجوکیشن ڈے کے حوالے سے ایک ایپ لاؤنج کی ہے جس میں ایک کروڑ بچوں کو اس ایپ کے تحت رجسٹرڈ کیاجائے گا اور پرائمری سطح سے لے کر ہائر سیکنڈری سطح تک کے بچوں کو ہر 3 ماہ بعد وظیفہ دیا جائے گا۔ مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ایم این اے لال چند مالہی نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت سندھ کو 12 ہزار ارب روپے دے چکی ہے یہ رقم کہاں خرچ ہوئی کہاں گئی کچھ پتہ نہیں ۔سندھ میں کل مجموعی طور پر “42383” اسکولوں کی تعداد ہے جس میں صرف بچیوں کے اسکولوں کی تعداد صرف “5385” اسکول بچیوں کے ہیں سندھ میں 8 ہزار گھوسٹ اسکول ہے ان اسکولوں پر اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں، ایم این اے لال مالہی نے کہا کہ ستم ظریفی کی حد تویہ ہے کہ 52 فیصد اسکول صرف ایک کمرے پر ہیں اور سندھ میں 50 فیصد اسکولوں میں پینے کے پانی ،بچے بچیوں کے لیے واش روم کی کوئی سہولت نہیں ہے ،سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم جن کا اپنا تعلق عمرکوٹ سے ہے، عمرکوٹ میں اسکولوں کی حالت زار انتہائی خراب ہے چند روز قبل اسکول کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاںبحق ہوگئے لیکن صوبائی وزیر تعلیم نے افسوس کے لیے ورثاء کے پاس جانا تک گوارا نہیں کیا۔ ایم این اے لال مالہی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزراء صرف مال بنانے لوٹ کھسوٹ میں لگے ہوئے ہیں آنے والا وقت پاکستان تحریک انصاف کاہے بہت جلد سندھ کی عوام کو پیپلزپارٹی سے نجات دلائیں گے۔ لال مالہی نے کہا کہ وفاقی حکومت زراعت کے شعبے پر کسان بھائیوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پیپلزپارٹی کے وزراء ہمارے لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں، ہمارے حامیوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی میں شامل ہوں ظلم و انتقام کا یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے