چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے معروف صنعت کاروں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک کی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عمل درآمد میں پورا ساتھ دیں گے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں، جن کا سرکاری اور نجی شعبے میں اشتراک سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عمل درآمد میں پورا ساتھ دیں گے۔
صنعتکاروں کی ملاقات، کم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ صنعت کاروں کی ملاقات کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ ملاقات کرنے والے وفد میں معروف صنعت کار ثاقب شیرازی، علی اصغر جمالی، غیاث الدین خان، سکندر مصطفیٰ، حامد زمان، شاہد عبداللہ، خرم مختار، زاہد بشیر، اعظم فاروق، خلیل ستار، عبد الرحیم اور گوہر اعجاز شامل تھے۔
ملاقات میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سمیت دیگر وفاقی وزرا بھی شامل تھے۔
وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق حکومت اور صنعت کاروں نے کم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق کیا اور صنعتوں کے فروغ کے لیے طویل المدتی پالیسیوں کے تسلسل پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت میں آنے سے پہلے ہی پارٹی منشور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیکسٹائل کی برآمدات کی پالیسی شامل کی تھی، جس کے ثمرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں مہنگائی اور اس کی وجہ سے عوام پر بوجھ کا احساس رکھتی ہے، عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی معروف صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات
حکومت اور صنعتکاروں کا کم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق۔
صنعتوں کے فروغ کے لیے طویل المدت پالیسیوں کے تسلسل پر زور۔ pic.twitter.com/rKUgJGc6xf
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) February 2, 2022
