اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
تفصیل کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے زیر صدارت اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف سمیت شریک ہوئے جبکہ لندن سے سابق وزیراعظم نواز شریف بھی آن لائن شرکت کی۔
سربراہی اجلاس میں لانگ مارچ اور عدم اعتماد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے گراؤنڈ بنائیں گے پھر تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور وفاق سے لے کرصوبوں تک جہاں ہوسکا عدم اعتماد لائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس سے پہلے مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی۔ صدر ن لیگ نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہوئی بات چیت پر اعتماد میں لیا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے عدم اعتماد پر اتفاق کیا ہے ۔
