اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی تحصیل میاں چنوں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
کسی فرد/گروہ کیجانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً گوارا نہیں کی جائے گی چنانچہ انبوہی تشدد (Mob lynchings) کو نہایت سختی سےکچلیں گے۔میں نےIG پنجاب سےمیاں چنوں واقعےکےذمہ داروں اور فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنےوالےپولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 13, 2022
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، مستقل جتھوں کے خلاف بھرپور قانونی کی جائےگی، اور اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب میاں چنوں میں توہین مذہب کے الزام میں ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کے واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ تلمبہ منور گجر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں 33 نامزد اور 300 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے، جب کہ مقدمے میں قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پی آر او ٹو ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت مشتاق کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ اس کے قتل میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے ریڈ جاری کردیا ہے۔
15 مرکزی ملزمان سمیت 85 افراد گرفتار
بعد ازاں پولیس نے 15 مرکزی ملزمان سمیت 85 افراد کو حراست میں لیا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق مرکزی ملزمان کی شناخت محمد یعقوب، کاشف، محمد ریاض اور ثقلی، محمد شان، آصف، ندیم، قیصر نذیر، اور عبد الغنی، محمد اسلم، محمد عامر، اعجاز، محبوب الرحمن، محمد بلال اور علی شیر کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو اینٹوں اور ڈنڈوں سے شہری اسلم پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور سنگین جرائم کی دفعات لگائی گئی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مزید ملزمان کی گرفتاری اور شناخت کا عمل جاری ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اب تک 85 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب سارے آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے تمام شرپسند عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
