ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔
آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس مسئلے کے بارے میں بات کریں گے وہ ‘جگر پر چربی’ چڑھنا اور اس کا قدرتی علاج ہے۔
جگر پر چربی چڑھنے کی بیماری جگر کے خلیوں میں ضرورت سے زیادہ چربی جمع ہونے کے نتیجے میں سامنے آتی ہے۔
جگر پر چربی چڑھنے کا شمار ایسی بیماریوں میں ہوتا ہے جو معاشرے میں عام دیکھنے میں آتی ہیں۔ خاص طور پر وزن کے ایک خاص سطح سے زیادہ بڑھنے کے بعد اس بیماری کا آغاز ہوتا ہے تاہم بیماری کے اسباب ہر مریض میں مختلف ہو سکتے ہیں۔
جگر پر چربی کیوں چڑھتی ہے؟
جگرکے خلیوں میں چربی جمع ہونے کی متعدد وجوہات ہیں مثلاً:
- پروسیسڈ کاربو ہائیڈریٹ کا بہت زیادہ استعمال
- خوراک میں چینی اور گھی کا ضرورت سے زیادہ استعمال
- خوراک میں پروٹین کی مقدار کا کم استعمال
- وٹامن اے کا وافر استعمال
- سگریٹ اور الکحل کا استعمال
- انسولین ریزسٹینس
- زیادہ وزن اور فربہ پن
- ڈائٹنگ کی وجہ سے وزن میں اچانک اور شدید کمی
- ہائی بلڈ پریشر
- بے حرکت طرزِ حیات
اگر آپ کو جگر میں چربی جمع ہونے کا شبہ ہے تو سب سے پہلے ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔ ضروری ٹیسٹ وغیرہ کروائیں اور ان کی روشنی میں علاج شروع کروائیں۔
جگر کی چربی کے علاج کے لئے قدرتی طریقے کچھ اس طرح ہیں:
- لیموں
ایک گلاس پانی میں آدھا لیموں نچوڑیں اور ہفتہ بھر دن میں 2 سے 3 دفعہ پئیں۔ یہ طریقہ جگر کی چربی کم کرنے میں مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
- سیب کا سرکہ
ایک گلاس نیم گرم پانی میں آرگانک سیب کا سرکہ ملائیں اور دن میں 2 دفعہ کھانے سے پہلے پئیں۔ چاہیں تو اس میں ایک چائے کا چمچ شہد بھی ملا سکتے ہیں۔ فائدہ دیکھنے کے لئے اس طریقے کو ایک مہینے تک استعمال کریں۔
- ہلدی
ایک چائے کا چمچ ہلدی پاوڈر ایک گلاس پانی میں ملا کر اُبالیں اور اسے پی لیں۔ اس پانی کو چند ہفتے تک دن میں دو دفعہ پئیں۔
- گُلِ قاصدی
ایک کپ گرم پانی میں ایک چھوٹا چمچ خُشک گُلِ قاصدی ملائیں اور 5 سے 10 منٹ تک دم پر رکھیں اور بعد میں نوش فرما لیں۔ اس چائے کو چند ہفتوں تک ہر روز پئیں۔ لیکن حاملہ خواتین اور ذیابیطس کے مریضوں کو اسے استعمال نہیں کرنا چاہئیے۔
- سبز چائے
روزانہ دن میں 2 سے 3 دفعہ سبز چائے کا استعمال الکحل استعمال نہ کرنے والے افراد میں جگر کی چربی کو کم کر سکتا ہے۔
- ڈیزی کے پھُول
ڈیزی کے پھولوں کی چائے دن میں 2 دفعہ استعمال کریں۔ لگاتار اس چائے کا استعمال بیماری سے نجات دِلا دیتا ہے۔
- طرزِ حیات میں تبدیلی
صحت مندانہ خوراک کا استعمال اور ہفتے میں 150 سے 300 منٹ تک ورزش ابتدائی درجے کی جگر کی چربی کو ختم کرنے میں بہت معاون ثابت ہوتی ہے۔ جسم کے کُل وزن کا کم از کم 5 فیصد خاتمہ جگر کی چربی کو ختم کر سکتا ہے۔ لیکن اگر فربہ پن بیماری کی سطح پر ہو تو وزن میں کم از کم 10 فیصد کمی ضروری ہے۔
- لہسن
تحقیقات نے ثابت کیا ہے کہ لہسن جگر میں چربی کو کم کرتا ہے لیکن یہ بھی نہیں بھُولنا چاہیے کہ لہسن کا ضرورت سے زیادہ استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
- اومیگا 3
سامن مچھلی اور اخروٹ جیسی اومیگا۔3 کی حامل غذاوں کا استعمال بھی جگر میں چربی کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
- ایوکیڈو
ایوکیڈو نہ صرف جگر میں چربی جمع ہونے کی رفتار میں کمی کرتا ہے بلکہ وزن میں کمی کرنے میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
- دھنیے کا پانی
ہر صبح دھنیے کی 15 سے 20 ٹہنیاں لیں اور انہیں بلینڈر میں پیس لیں۔ اس پیسٹ کو آدھے گلاس پانی میں ملائیں ۔ چند قطرے لیموں کا رس شامل کر کے اس پانی کو پی لیں۔ اس طریقے کو ایک ماہ تک مسلسل استعمال کریں۔
