کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج نارتھ ناظم آباد اور ڈگری گرلز کالج ملیر کینٹ نے چوتھے سندھ کالج گیمز کے گرلز ایونٹ کے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی ۔کراچی ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے زیر انتظام چوتھے سندھ کالج گیمز کے سلسلے میں بوائز اینڈ گرلز ٹگ آف وار ایونٹ کراچی ٹگ آف وار ایرینا میںجاری ہے ۔سہ روزہ ایونٹ کے دوسرے روز بھی بوائز اور گرلز کیٹیگری میں مزید میچوں کا فیصلہ ہو گیا ۔گرلز کے میچوں میں گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج نارتھ ناظم آباد نے خاتون پاکستان کالج کو دل چسپ مقابلے کے بعد2-0سے شکست دی ،اس میچ کی مہمان خصوصی ڈاکٹر فرح عیسیٰ زیدی فائونڈر اینڈ سی ای او عیسیٰ لیبارٹریز تھیں جن سے دونوں ٹیموں کا تعارف کروایا گیا ،اس موقع پر انہوں نے لڑکیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔دوسرے میچ میں گورنمنٹ ڈگری کالج ملیر کینٹ نے اپوا کالج کو 2-0 سے زیر کر کے اگلے رائونڈ تک رسائی کو یقینی بنایا ،اس میچ کے مہمان خصوصی ایس ایس پی ٹریفک ضلع سینٹرل سید جعفر حسین تھے ۔گرلز کے ایک اور میچ میں گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بلاک11-B نے لائنز ایریا کالج کو2-0 سے ہرا دیا ،سر سید یونیورسٹی کی ڈائرکٹر ایڈمشن میڈم انیلہ مہمان خصوصی تھیں ۔بوائز کے ایونٹ میں گورنمنٹ کالج فار مین نے گورنمنٹ فزیکل کالج کو 2-0سے ،گورنمنٹ کالج قائد آباد نے گورنمنٹ گرلز کالج بفرزون کو2-0سے ہرا دیا ۔ایک اور میچ میں نیشنل کالج نے رزاق آباد کالج کو 2-0سے شکست دی ۔ان میچوں کے مہمان خصوصی سر سید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور(ر)سید سرفراز احمد تھے ۔
