سرینگر/داخ پولیس نے بدھ کے روز ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو احتجاجی مقام سے ہٹا کر ان کی رہائش گاہ پہنچا دیا اور انہیں گھر کے اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا۔ ایک عہدیدار نے یہ اطلاع دی۔ یہ کارروائی اس کے چند ہی گھنٹوں بعد عمل میں آئی جب وانگچک نے لیہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے رہنماؤں کے ہمراہ شدید سردی کے موسم اور بڑے پیمانے پر موسمی نقل مکانی کا حوالہ دیتے ہوئے 4 دسمبر کو ہل کونسل کے انتخابات کرانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
ایک عوامی بیان میں پولیس نے کہا کہ وانگچک کے خلاف یہ احتیاطی کارروائی جاری انتخابی عمل کے پیش نظر لیہہ میونسپلٹی کی حدود میں عوامی ریلیوں، احتجاجی مظاہروں اور دیگر عوامی اجتماعات کو منظم کرنے کے احکامات کی تعمیل میں کی گئی ہے۔ لداخ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) آنند جین نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ’’چیف الیکٹورل آفیسر، یو ٹی لداخ اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیہہ کی جانب سے جاری کردہ امتناعی احکامات کے پیش نظر سونم وانگچک کو اپنی رہائش گاہ پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔‘‘
لداخ آٹونومس ہل ڈیولپمنٹ کونسلز (ایل اے ایچ ڈی سی) کے آٹھ حلقوں کے انتخابات سے قبل، لداخ میں 21 نومبر کو میونسپل اور پنچایت انتخابات بھی ہونے جا رہے ہیں۔ ایل اے بی اور کے ڈی اے، جو آئینی تحفظات اور ریاستی درجہ سمیت مختلف مطالبات کے حق میں تحریک چلا رہے ہیں اور مرکز کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں، نے صدرِ جمہوریہ ہند، وزیر اعظم نریندر مودی، قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے اپیل کی کہ وہ ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کو ملتوی کرانے میں مدد کریں۔
بعد ازاں، وانگچک نے بدھ کے روز ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی غرض سے لیہہ میں ایک احتجاج کی قیادت کی۔ پولیس نے کہا کہ وانگچک کے خلاف کارروائی رائج امتناعی احکامات کے تحت مجاز اتھارٹی کو حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کی گئی ہے، جس کا مقصد امنِ عامہ میں کسی بھی ممکنہ خلل کو روکنا اور امن و امان برقرار رکھنا ہے۔ پولیس نے کہاکہ ’’لداخ میں پنچایت، میونسپل اور ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کے پیش نظر عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ امتناعی احکامات کی سختی سے پابندی کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کریں جس سے عوامی امن اور قانون و نظم متاثر ہو۔‘‘
لداخ کے انتخابی ادارے نے انتخابات سے قبل کرگل اور لیہہ میں احتجاجی مظاہروں، بھوک ہڑتالوں اور دیگر اقسام کے مظاہروں پر پابندی عائد کر دی ہے، باوجود اس کے کہ ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے انتخابی شیڈول پر احتجاج کی وارننگ دیتے ہوئے مرکز سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ یہ فیصلہ اس کے ایک دن بعد آیا ہے جب مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ان سیاسی اور مذہبی تنظیموں کی اپیل پر شدید سردیوں کے دوران انتخابات کے خلاف ہڑتال کی گئی تھی جو جمہوری نظام اور آئینی تحفظات کے حوالے سے نئی دہلی کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہیں۔
وزارت داخلہ کے نمائندوں اور لداخ کے گروپوں کے درمیان مذاکرات 15 اکتوبر کے اجلاس کے بعد سے تعطل کا شکار ہیں۔ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد لداخ کو مقننہ کے بغیر ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا گیا تھا۔ شدید سردیوں کے درمیان لداخ آٹونومس ہل ڈیولپمنٹ کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی)، پنچایت اور شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات سمیت تین پے در پے انتخابات طے ہیں۔ ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات 4 دسمبر کو مقرر ہیں، جبکہ بلدیاتی انتخابات 21 نومبر کو ہونے ہیں۔
آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے جموں و کشمیر میونسپل کمیٹی (الیکشن) رولز 2003 کا حوالہ دیتے ہوئے، لداخ کے چیف الیکٹورل آفیسر راہل شرما نے ضابطہ اخلاق کے نفاذ تک لیہہ اور کرگل کی میونسپل حدود میں سیاسی جماعتوں، امیدواروں یا کارکنوں کے کسی بھی دھرنے، احتجاج، مظاہرے، بھوک ہڑتال، ریلی یا کسی بھی قسم کی اجتماعی سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں انتخابات کے پرامن انعقاد کو متاثر کر سکتی ہیں اور ووٹروں کو ڈرا، دھمکا یا ناجائز طور پر متاثر کر سکتی ہیں۔ اس میں کہا گیاکہ ’’کسی بھی خلاف ورزی سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔‘‘
دوسری جانب، لیہہ ایپکس باڈی کا حصہ رہنے والے وانگچک نے صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور عوام سے انتخابات کے نظام الاوقات میں تبدیلی کے لیے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے ایک ’ایس او ایس‘ (ہنگامی اپیل) جاری کی۔ انہوں نے لداخ کے عوام کے ’’درد کو ظاہر کرنے‘‘کے لیے احتجاج شروع کرنے کی وارننگ دی۔ لیہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے رہنماؤں کے ساتھ کھڑے ہو کر انہوں نے کہا، ’’لداخ کے عوام ہمیشہ ملک کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہر جنگ میں بھارت کا ساتھ دیا ہے۔‘‘وانگچک نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں جب درجہ حرارت منفی 30 ڈگری تک گر جاتا ہے، لوگوں پر انتخابات مسلط کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے سوال کیاکہ ”کسی بھی جمہوری ملک کو ایسے وقت میں انتخابات نہیں کرانے چاہئیں جب لوگ جسمانی طور پر ان میں حصہ لینے سے قاصر ہوں۔ دسمبر میں، جب یہ انتخابات تجویز کیے گئے ہیں، مختلف ویب سائٹس پر دستیاب موسمی پیش گوئیاں پہلے ہی پورے ایک ہفتے کی برف باری کی نشاندہی کر رہی ہیں۔ ایسے حالات میں انتخابات کیسے کرائے جا سکتے ہیں؟“ وانگچک نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ انتخابات کرانے کے لیے ”راکٹ“ کی رفتار سے چل رہی ہے لیکن اس نے خطے کے لیے جمہوریت اور آئینی تحفظات پر مذاکرات روک دیے ہیں۔
لداخ کے رکن پارلیمنٹ حنیفہ جان نے کہا کہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو خط لکھ کر دسمبر میں شدید سردی اور لداخ سے باہر 20 فیصد آبادی کی نقل مکانی کے پیش نظر انتخابات کو مارچ کے بعد تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ حنیفہ جان نے مزید کہا، ”اس درخواست کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ہر ووٹر اپنے اس آئینی حقِ رائے دہی کا استعمال کر سکے جو اس ملک کے ہر شہری کو دیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے، ہمیں ایک سرکاری نوٹیفکیشن موصول ہوا جس میں اعلان کیا گیا کہ ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات 4 دسمبر کو کرائے جائیں گے۔ میرا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ انتہائی جلد بازی میں اور زمینی حقائق پر مناسب غور کیے بغیر لیا گیا ہے۔“