ابھیشیک بنرجی کی رہائش کے سامنے موجود بانس کا ڈھانچہ ہٹایا گیا، کے ایم سی نے چلایا بلڈوزر

کولکاتہ میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے کارروائی کی ہے۔ واضح رہے کہ کولکاتہ پولیس کی مدد سے جمعرات کے روز ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربر سے لوک سبھا کے رکن ابھیشیک بنرجی کی جنوبی کولکاتہ کے کالی گھاٹ میں واقع رہائش کے سامنے بنایا گیا عارضی بانس کا ڈھانچہ ہٹا دیا گیا ہے۔ عارضی بانس کے ڈھانچے کو ہٹانے کا عمل بدھ کی شام ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے شروع کیا تھا۔ حالانکہ یہ کارروائی بعد میں مکمل ہوئی، جب جمعرات کی صبح کے ایم سی کے ملازمین پولیس کے ساتھ بلڈوزر لے کر موقع پر پہنچے اور ڈھانچے کو گرا کر ہٹا دیا۔ انہدامی کارروائی پولیس فورس کی موجودگی میں انجام دی گئی، جو کسی بھی طرح کی کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لیے وہاں تعینات تھی۔

ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ کی رہائش کی چہار دیواری کے باہر طویل عرصے سے نصب لوہے کا ایک گیٹ بھی ہٹا دیا گیا۔ کے ایم سی کے ملازمین نے پہلے گیس کٹر کی مدد سے لوہے کے گیٹ کو کاٹا اور اس کے بعد اسے ہٹا دیا۔ مقامی لوگوں کی شکایت تھی کہ لوہے کا گیٹ فٹ پاتھ پر قبضہ کرکے نصب کیا گیا تھا۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان ارک کمار ناگ، جو ابھیشیک بنرجی کے وکلاء میں سے ایک ہیں، نے دعویٰ کیا کہ عارضی ڈھانچے کو ہٹانے کا عمل بدھ کی شام ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ کی ہدایت پر ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ڈھانچہ پولیس اہلکاروں کے بیٹھنے کے لیے بنایا گیا تھا، جب ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ کو سابقہ انتظام کے تحت ’زیڈ پلس‘ سیکورٹی حاصل تھی۔ اب اس انتظام میں تبدیلی کے بعد ’زیڈ پلس‘ سیکورٹی ہٹا دی گئی ہے۔ اس لیے اس عارضی تعمیر کا کوئی استعمال نہیں رہ گیا تھا۔ اسی وجہ سے ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ نے بانس کے عارضی ڈھانچے کو ہٹانے کی ہدایت دی۔

ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ کے سامنے بنا شیڈ گزشتہ چند دنوں سے بحث کا موضوع بنا ہوا تھا۔ 6 اور 7 نومبر کی درمیانی شب رکن پارلیمنٹ کی سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں کالی گھاٹ میں کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ اس وقت کئی لوگوں کو عارضی شیڈ کے نیچے جمع ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کئی مقامی لوگوں نے بھی عارضی ڈھانچے پر سوال اٹھایا تھا۔ الزام ہے کہ فٹ پاتھ پر بنایا گیا عارضی شیڈ پیدل چلنے والوں کے لیے پریشانی کا سبب بن رہا تھا۔ بدھ کے روز ابھیشیک بنرجی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کولکاتہ پولیس پر اپنی رہائش کے آس پاس مسلسل نگرانی رکھنے اور جاسوسی کرنے کا الزام لگایا تھا۔ اس کے فوراً بعد ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے بانس کے عارضی ڈھانچے کو ہٹانا شروع کر دیا، اور یہ کارروائی آج صبح کے ایم سی کے ملازمین نے پولیس کی مدد سے مکمل کی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں