سرینگر/جموں و کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں جمعرات کو تازہ ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری ہوئی، جس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سادھنا ٹاپ، فرکیاں ٹاپ، کرناہ ویلی، پیر کی گلی، سنتھن ٹاپ اور زوجیلا پاس پر ہلکی برف باری ہوئی، جبکہ گلمرگ کے افاروت پہاڑوں کے فیز ون اور فیز ٹو بھی برف کی سفید چادر میں ڈھک گئے۔
رازدان ٹاپ پر تقریباً دو انچ برف جمع ہوئی، جہاں درمیانی درجے کی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ اسی طرح مژھل وادی کے دُدھی، مژھل، پوشواری، چونٹ واری، رنگ پائین، رنگ بالا، کٹوارہ اور بسری بہک علاقوں میں بھی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
بانڈی پورہ ضلع کی وادی گریز کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برفباری ہوئی، جس سے پوری وادی نے سفید چادر اوڑھ لی۔گلمرگ کے کونگ ڈوری علاقے میں تقریباً دو انچ جبکہ سادھنا ٹاپ پر دو سے تین انچ برف ریکارڈ کی گئی۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے 12 اور 13 نومبر کو جموں و کشمیر میں وسیع پیمانے پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں اور مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کپواڑہ، بانڈی پورہ اور گاندربل کے بالائی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برفباری کا امکان ہے، جبکہ دن کے درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری سیلسیس تک کمی متوقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔مسافروں کو غیر ضروری طور پر بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کرنے جبکہ کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments