ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام ‘چشمہ شفاء’ کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔
آج ہم صحت کے جس مسئلے اور اس کے علاج کے بارے میں آپ سے بات کریں گے وہ ہے "اختلالِ قلب” ٹیکی کارڈیا یعنی دل کا تیزی سے دھڑکنا۔
دل کا معمول سے تیز رفتار کے ساتھ دھڑکنا یعنی ٹیکی کارڈیا کے مختلف اسباب ہو سکتے ہیں خاص طور پر ذہنی دباو والے طرزِ زندگی کے حامل متعدد افراد کو اختلالِ قلب کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ کون کون سے عناصر دل کی دھڑکن کو تیز کرتے ہیں:
- پیشہ وارانہ زندگی میں شدید مصروفیت اور ذہنی دباو
- سخت بدنی فعالیت
- ذہنی بے چینی، الجھن، اضطراب، اندیشے
- پیاس
- متعدی بیماریاں
- الکحل اور سگریٹ
- امتحان کا خوف
- ادویات کا استعمال
اگر آپ کو اختلالِ قلب کا عارضہ لاحق ہے تو سب سے پہلے آپ کو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کرنا اور ضروری ٹیسٹ کروانا چاہئیں اور ان کی رہبری میں علاج شروع کرنا چاہیے۔ آئیے سب سے پہلے اس بیماری سے نجات کے لئے ضروری احتیاطوں پر نگاہ ڈالتے ہیں۔
اختلالِ قلب میں کمی کے لئے جسم اور ذہن کو ڈھیلا کرنا اور سستانا:
ذہنی دباو انسانی صحت پر متعدد بُرے اثرات کا سبب بن سکتا ہے۔ ذہنی دباو اختلالِ قلب کا یا پھر پہلے سے موجود اختلالِ قلب میں شدت کا سبب بن سکتا ہے۔ سستانے کے بعض دیگر طریقے بھی دل کی دھڑکن میں کمی کرنے اور اسے معمول پر لانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر:
- مراقبہ
- سانس کی ورزش
- یوگا
- کھُلی ہوا میں وقت گزارنا
- ورزش کرنا
- تعطیلات پر جانا
اختلالِ قلب میں کمی کے لئے سب سے پہلے اس کا سبب بننے والے عناصر کو تلاش کرنا ضروری ہے۔ اس حوالے سے تمباکو اور اس کی مصنوعات، کیفین والے مشروبات اور بعض ادویات دل کی دھڑکن میں تیزی کا سبب بننے والے عناصر میں شمار کی جاتی ہیں۔ ان مصنوعات سے پرہیز کی صورت میں دل کی دھڑکن کو معمول پر رکھنا ممکن ہے۔ لیکن اگر یہ اختلالِ قلب کسی قلبی عارضے کی وجہ سے ہو تو مندرجہ بالا تدابیر بے فائدہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
اگر اختلالِ قلب کی وجہ کوئی دل کی بیماری نہیں ہے تو اسے بعض جڑی بوٹیوں اور مختلف طرح کی جڑی بوٹیوں کی چائے کی مدد سے کم کیا جا سکتا ہے۔
دل کی دھڑکن کو معمول پر لانے کے لئے جن جڑی بوٹیوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے وہ کچھ اس طرح ہیں:
- پیلومونئیم یا گلِ نردبان یعقوب
یہ جڑی بوٹی ذہنی دباو میں کمی کر کے سکون و اطمینان دینے کی خصوصیت کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔ گُلِ نردبان یعقوب کو گرم پانی میں ڈال کر دم دیں اور بعد میں اس چائے کو پی لیں۔
- پودینہ
پودینے کو نزلہ زکام سمیت متعدد بیماریوں کے مقابل استعمال کیا جاتا ہے۔ پودینے کو دن بھر میں کسی بھی کھانے کے ساتھ استعمال کرنے سے دل کی تیز دھڑکن میں واضح کمی کی جا سکتی ہے۔
- اجوائن
اجوائن کو دل کی صحت کے معاملے میں ایک موئثر جڑی بوٹی سمجھا جاتا ہے۔ روزانہ ایک چھوٹا چمچ اجوائن استعمال کرنے سے دل کی بیماریوں سے صحت یابی میں مدد مل سکتی ہے۔
دل کی دھڑکن میں بہتری کے لئے جن جڑی بوٹیوں کی چائے استعمال کی جا سکتی ہے وہ کچھ اس طرح ہیں:
- سدا بہار پودینے کی چائے اور لیونڈر کی چائے۔
سدا بہار پودینے کی چائے کے استعمال کا مشورہ عام طور پر ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہیں کم خوابی کے مسئلے کا سامنا ہو۔ ذہنی دباو کو کم کر کے پُرسکون کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے سدا بہار پودینے کی چائے دل کی دھڑکن کو معمول پر لانے میں مفید ثابت ہوتی ہے۔ خاص طور پر اگر دل کی دھڑکن ڈپریشن کی وجہ سے تیز ہوئی ہے تو سدا بہار پودینے کی چائے افاقہ دیتی ہے۔
اسی طرح لیوینڈر کی چائے کا تواتر سے استعمال کچھ عرصے کے بعد دل کی دھڑکن کے مسئلے سے نجات دِلا سکتا ہے۔
- ڈیزی کے پھولوں کی چائے بھی مسئلے پر قابو پانے کے لئے استعمال کی جا سکتی ہے۔
ایسی غذائیں جو دل کی دھڑکن کو درست کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں مندرجہ ذیل ہیں:
1۔ بینگن
2۔ پالک
3۔ جئی کا بھوسہ
4۔ نیاز بُو
5۔ اجوائن خراسانی
6۔ دارچینی
دل کی دھڑکن کو متوازن کرنے کے لئے بینگن کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔ خاص طور پر دل کے لئے استعمال کرتے ہوئے بینگن کو تل کر کھانے کی بجائے اس کو بھرتہ بنا کر یا پھر زیتون کے تیل کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔
اجوائن خراسانی یا پھر پارسلے کے نام سے پہچانی جانے والی سبزی کو عام طور پر سلاد میں یا پھر کھانوں کے اوپر ڈال کر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ بھی دل کی صحت کے لئے ایک مفید سبزی ہے۔
دارچینی ،دل کے اعصاب کو چوکنّا کر کے دھڑکن کو توازن میں لاتی ہے۔ اس کے استعمال کا طریقہ نہایت سادہ ہے۔ اسے استعمال کرنے کے خواہش مند افراد ثابت دارچینی کا ایک ٹکڑا پانی میں بھگوئیں اور اس دارچینی والے پانی کو پی لیں۔
میگنیزئیم سے مالا مال ہونے کی وجہ سے پالک اختلالِ قلب کے علاج میں مفید ثابت ہوتی ہے۔
جئی کا بھوسہ دل کے اعصاب کو پُر سکون کرتا ہے لہٰذا ہر کھانے کے ساتھ ایک چمچ جئی کے بھوسے کا استعمال ضرور کرنا چاہیے۔
نیاز بُو کے پتّے سلاد اور مکرون کے اوپر اگرچہ سجاوٹ اور خوشبو کے لئے ڈالے جاتے ہیں لیکن نیاز بُو دل کی صحت کے لئے بھی نہایت مفید ہے اور دھڑکن میں تیزی کو کم کر کے سکون دیتا ہے۔
اس کے علاوہ لہسن، لیموں، پیاز، بند گوبھی اور گریپ فروٹ بھی مسئلے پر قابو پانے کے لئے معاون خواراکیں ہیں۔
