وزیراعظم عمران خان صدرولادی میر پوتین کی دعوت پرآج روس کے دوروزہ سرکاری دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق ایک اعلیٰ سطحی وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا جس میں کابینہ کے ارکان شامل ہیں، دوطرفہ کانفرنس دورے کااہم پروگرام ہے۔کانفرنس کے دوران دونوں رہنمادوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں کاجائزہ لیں گے جن میں توانائی کے شعبے میں تعاون بھی شامل ہے۔ اسلام مخالف رجحان اورافغانستان کی صورتحال سمیت وہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کریں گے۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور روس میں باہمی احترام ،اعتماد اورعلاقائی اور بین الاقوامی معاملات پرہم آہنگی کی بنیاد پردوستانہ تعلقات ہیں۔وزیراعظم کے دورے سے پاکستان او ر روس کے کثیرجہتی دوطرفہ تعلقات مزیدمضبوط ہوںگے اورمختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔
ادھر روس کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ولادی میر پوتین اور وزیراعظم عمران خان کل ماسکو میں بات چیت کریں گے۔ دونوں رہنما جنوبی ایشیا میں ہونے والی اہم پیشرفت سمیت دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور سے متعلق بنیادی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔