روس کے نائب و زیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے روسی تیل اور گیس پر پابندی کے حوالے سے دنیا کو خبردار کردیا۔
الیگزینڈر نوواک نے ماسکو میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ روسی تیل یا گیس پر پابندی لگائی گئی تو اس کے عالمی منڈی پر تباہ کن نتائج ہوں گے اور فی بیرل تیل کی قیمت 300 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے مطابق، امریکی صدر نے ابھی تک روسی تیل اور گیس کی درآمدات روکنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
علاوہ ازیں اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ روسی تیل پر عالمی پابندی عائد کرنے کا معاملہ زیرِ غور ہے لیکن جرمنی اور ہنگری نے مخالفت کردی۔
انہوں نے مزید کہا روسی تیل اور گیس کے بغیر یورپ اپنی توانائی کی ضروریات پوری نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ روسی تیل پر پابندی کی خبروں پر دنیا بھر کی منڈیوں میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔