پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں میں میزائل گرنے اور بھارتی اعتراف کے بعد پاکستانی حکام کے بیانات جاری ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف اس ضمن میں کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے غیر ذمہ داری کی انتہا ہےکہ اس نے پاکستان جیسے ایٹمی ملک پر میزائل داغ دیا۔
معید یوسف نے اپنی یومیہ ٹویٹ میں کہا ہے کہ 9مارچ کو ایک انہونا اور خطرناک واقعہ پیش آیا۔ بھارتی میزائل 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتا پاکستانی حدود میں گرا۔ بھارتی سپرسانک میزائل 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پاکستان میں آگرا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ملک ہے جس کا میزائل چل گیا اور یہ تین دن بعد وضاحت دے رہا ہے۔ بھارت کی اس طرح کی حساس ٹیکنالوجی کو سنبھالنے کی صلاحیت پر سنگین سوالات اُٹھ رہے ہیں، یہ میزائل اندرون اور بیرون ملک کمرشل ایئر لائنز کے راستے کے قریب سے گزرا اور شہریوں کی حفاظت کو خطرہ بنا دیا۔
مشیر نے بتایا کہ کہ یہ بھی انتہائی غیر ذمہ داری کی حرکت ہے کہ بھارتی حکام نے پاکستان کو فوری طور پر یہ اطلاع نہ دی کہ کروز میزائل کا نادانستہ تجربہ کیا گیا ہے۔جوہری ماحول میں اس طرح کی بے حسی، نااہلی بھارتی ہتھیاروں کے نظام کی حفاظت پر سوال اٹھاتی ہے۔ بھارت میں پہلے ہی یورینیم کی چوری کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں اور ماضی قریب میں اس کے شہریوں کو یورینیم اسمگل کرتے ہوئے گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔
