مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں چاقو کے حملے میں دو اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہونے کے بعد اسرائیلی فورسز نے 7 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جارح کو پکڑنے کے لیے مشرقی بیت المقدس کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز نے مشرقی بیت المقدس کے راس العمود محلے میں 3 فلسطینیوں اور یتور کے پڑوس میں 2 فلسطینیوں کو حراست میں لیا اور ان پر جسمانی تشدد کرنے کی بھی اطلاع ملی ہے۔
علاقے میں ایک ماں اور اس کے بیٹے کو بھی حراست میں لیا گیا، اسرائیلی فورسز کی علاقے میں تلاشی کا کام جاری ہے۔
مشرقی بیت المقدس کے علاقے راس العمود میں چاقو کے حملے میں دو اسرائیلی پولیس زخمی ہو گئے تھے اور حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے دو فلسطینیوں کو چاقوؤں کے ساتھ گرفتار کیا ہے، جو مبینہ طور پر غزہ کی پٹی سے اسرائیلی جانب سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے دیے گئے بیان میں درج کیا گیا ہے کہ دونوں مشتبہ افراد کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اسرائیلی سرزمین اور غزہ کو الگ کرنے والی تاروں کی باڑ کو عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ فلسطینی اپنے ساتھ چاقو لے کر جا رہے تھے اور اس بات کی نشاندہی کی کہ زیر بحث افراد چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یہ نہیں بتایا گیا کہ مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے کس سیکیورٹی سینٹر لے جایا گیا ہے۔
