روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے اطلاع دی ہے کہ ہماری فوج نے سلوواکیہ کی جانب سے یوکرین کو دیئے گئے S-300 ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم کو سمندر سے "Kalibr” نامی ہائی پریسیئن میزائل سے مار گرایا ہے۔
کوناشینکوف نے 24 فروری سے جاری یوکرین کی جنگ میں روسی فوج کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات دیں۔
انہوں نے کہا کل یوکرین میں اہداف کے خلاف انتہائی حساس ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے، S-300 ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم، جسے ایک یورپی ملک نے دنیپرو علاقے کے جنوبی مضافات میں کیف حکومت کو دیا تھا کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
کوناشینکوف نے بتایا کہ ہم نے 9 ٹینک، 5 ہووٹزر اور 5 گراڈ ملٹی بیرل راکٹ لانچرز کو دونیتسک کے علاقے میں انتہائی حساس ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کی فوج کے 2 "Su-25” جنگی طیاروں کو ایزیوم شہر کے قریب مار گرایا گیا ہے اور یوکرینی فوج کے 78 فوجی عناصر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
