اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی وڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو کارروائی کی ہدایت کردی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرنی ہے کیونکہ اس کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے اور غیراخلاقی وڈیوز، تصاویر سمیت اس نوعیت کا گند پھیلانے والوں کا صفایا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سوشل میڈیا رولز 2021ء کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت نامناسب اور فحش مواد پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔اس قانون کے تحت انتہا پسندی، دہشت گردی، نفرت انگیز، فحش اور پرتشدد مواد کی لائیو اسٹریمنگ پر پابندی ہوگی اور اخلاق باختہ اور فحش مواد کی تشہیر بھی قابل گرفت جرم ہوگا۔دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ6دن بعد فارغ ہو جائیں گے، نیا گورنر تعینات ہو جائے گا۔ گورنر پنجاب نے حلف نہ لے کر آئین کی خلاف ورزی کی، صدر مملکت وزیر اعظم کی بھیجی گئی سمری 14دن میں منظور یا اعتراض لگا کر واپس کر سکتے ہیں، وزیر اعظم اسی طرح کی سمری دوبارہ بھیج دیں تو صدرمملکت کو منظور کرنا ہوتی ہے، اگر صدر سمری منظور نہ کریں تو 10دن میں سمری منظور سمجھی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اسلام آباد کے لیے 30لاکھ نہیں چند ہزار لوگوں کی بات کرے، اسلام آباد پہنچنے پر ان لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون انہیں ہاتھ میں لے گا۔
