کراچی (آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو 24 گھنٹے کام کرکے ہر حال میں 30 مئی تک بی آر ٹی عبدالستار ایدھی (اورینج لائن) کا سول اور الیکٹریکل ورک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بی آر ٹی اورینج لائن منصوبے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ اپنا بوریا بستر یہاں لے آئیں اور بی آر ٹی ڈیپو پر اپنا کیمپ آفیس قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ہفتے میں 3 دن کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے دورہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مسئلہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چیئرمین بلاول زرداری، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی اسے حل کرنے کی سخت ہدایات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے پر بہت کام کیا ہے۔ سابق صوبائی وزرائے ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ اور سید اویس شاہ نے اس ضمن میں بھرپور اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے ہمیں ہدایات ہیں کہ برسوں والا کام مہینوں اور مہینوں والا کام دنوں میں مکمل کریں۔ سندھ حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور سیکورٹی کے مسئلے پر ایس ایس پی سے بات کر کے کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔
