ایبٹ آباد(صباح نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے مخالف کہتے ہیں کہ گرمی زیادہ ہوگئی لوگ نہیں نکلیں گے، 20 تاریخ کے بعد جب اسلام آباد کی کال دوں گا، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں ، 20 لاکھ لوگ آئیں گے، لوگوں کو اپنی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے آنا ہوگا۔ عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کو بزدل اور ڈاکو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، ہمارے اوپر بیٹھے ڈاکوؤں کو قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی، میری کال پر 20لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں بنیں گے، سیاسی لوٹے جدھر جائیں گے ضمیر فروش چور اور غدار کے نعرے لگیں گے۔عمران خان نے کہا کہ نئی حکومت کے چند دنوں میں مہنگائی کتنی بڑھ گئی کیا کسی میڈیا والے نے دکانوں پر مائیک لے جاکر پوچھا؟ ہماری حکومت میں تو مہنگائی کے چند دن بعد ہی میڈیا والے دکانوں پر جاکر انٹرویو شروع کردیتے تھے اور کہتے تھے کہ کدھر گیا نیا پاکستان۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف خاندان پر 40 ارب روپے کے مقدمات ہیں، میں نے کسی کو شریف خاندان کی طرح جھوٹ بولتے ہوئے نہیں دیکھا، مریم نواز کہتی ہے میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں اور ان کے نام لندن میں پراپرٹی نکل آئی، ایک چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے شہباز شریف کے نکلے، ان کے خلاف تفتیش کرنے والے ایف آئی اے افسران کو نکال دیا گیا جو کچھ ہورہا ہے یہ کیا کسی جمہوریت میں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیرت مند قوم ہیں، ہم بوٹ پالشیوں اور امریکا کے غلاموں کے ساتھ نہیں چل سکتے، ہم کسی کے بوٹ پالش نہیں کرسکتے، یہ قوم قائداعظم کے پاکستان کے لیے تیار ہے، جب ہم بیس لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے تو سب کو نیا پاکستان نظر آنے لگے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے صرف ایک لوٹا نکلا ہے اور وہ لوٹا ابھی تک پشاور نہیں گیا ہے، ان لوٹوں کو نہیں معلوم کہ قوم میں شعور ہے، قوم بیدار ہے، اسکول کے بچوں کو پتا ہے کہ لوٹا کیا ہوتا ہے؟ جدھربھی لوٹے جائیں گے ضمیرفروش اورغدارکے نعرے لگیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میر صادق نے ٹیپو سلطان کے ساتھ غداری کی اور انگریزوں سے جا ملا، ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے، امریکا کی جنگ میں ہمارا قبائلی علاقہ اجڑ گیا، میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔ کرپٹ، ڈاکو اور قاتلوں کو تسلیم کرلیا تو پاکستان سے دھوکا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت نہیں دی، نیوٹرل صرف جانور ہوتے ہیں، ہمیں اجازت نہیں کہ کہیں نہ تیتر ہوں نہ بٹیر، اللہ پوچھے گا آپ نے امپورٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد کی؟۔
