کراچی(اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 26 جون 2022کو ہوں گے، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار(آج) 10 تا 13 مئی کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے لئے حلقہ بندیوں کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، ضلع غربی اور کیماڑی میں حلقہ بندیوں کا کام 31مئی تک مکمل کرلیا جائے گا۔واضح رہے کہ سندھ میں لوکل باڈیز الیکشن 2 مراحل میں کرائیں جائے گے، پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں انتخابات ہونگے جبکہ دوسرے مرحلے کے لئے 24 جولائی کو میدان سجے گا۔چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ حکومت سندھ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولیات فراہم کے گی یہ بات انہوںنے پیر کے روز صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان سے ملاقات کے دوران کی۔ ملاقات میں صوبے میں بلدیاتی الیکشن اور این اے 240 کورنگی میں ضمنی انتخابات کے ایجنڈے زیر غور آئے۔ ملاقات میں صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کے انتقال کے بعد کورنگی 240 کی نشست خالی ہوئی تھی جس پر 16 جون 2022ء کو ضمنی انتخاب ہوگا۔ چیف سیکرٹری سندھ نے صوبائی الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لیے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کے 3 دنوں میں مجموعی طور پر 10 نامزدگی فارم جمع کرادیے گئے جبکہ 89 کاغذات حاصل کیے جاچکے ہیں، آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے۔ الیکشن کمشنر کورنگی اور ریٹرننگ افسر عبدالرزاق کے مطابق اب تک ایم کیو ایم،پیپلز پارٹی،پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی سمیت 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ این اے 240 کا ضمنی انتخاب 16 جون کو ہوگا۔ قومی اسمبلی کی یہ نشست ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
