کراچی(اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کرکٹ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی وجہ سے پلان بی پر غور شروع کردیا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے پنڈی اسٹیڈیم میں 3 ون ڈے 8 ، 10 اور 12جون کو کھیلنا ہیں جبکہ تحریک انصاف نے 20مئی کے بعد حکومت کے خلاف مارچ کی کال دینا ہے۔ذرائع کے مطابق ممکنہ طویل دھرنے کے پیش نظر پی سی بی نے ان ہاوس مشاورت کا آغاز کر دیا، جبکہ حکومت سے بھی اس حوالے سے رائے لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تک وینیوز میں کوئی تبدیلی نہیں ، لیکن پی سی بی متبادل کے طور پر دوسرے وینیوز کو بھی دیکھ رہا ہے، سیاسی صورتحال کی وجہ سے پی سی بی کو سیریز کا وینیو تبدیل کرنا پڑ سکتا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا سیریز سے قبل کوئی وفد انتطامات کا جائزہ لینے پاکستان نہیں آئے گا اور وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ پی سی بی صورتحال کا جائزہ لے کر حکومتی مشاورت کے بعد کرے گی۔واضح رہے کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف3 ون ڈے میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا، جو 8 جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگی۔
