پشاور: پشاور کے تھانہ شاہ قبول پولیس نے اندرون شہر میں واقع ہوٹلز، تجارتی مراکز اور دیگر علاقوں کو ہیروئن سپلائی کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر 5کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شاہ قبول پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ اندرون شہر کے مختلف علاقوں ڈبگری ، شعبہ بازار، شاہ قبول کالونی اور دیگر علاقوں میں مخصوص گاہک اور سرراہ نشہ کرنے والے افراد کو ہیروئن فراہم کرنے والا گروہ موجود ہے جس پر ایس ایچ او تھانہ شاہ قبول حسن خان نے مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کا تعلق منظم منشیات فروش گروہ سے ہے۔
گرفتار ہونے والے ملزمان اندرون شہر اور نواحی علاقوں کے رہائشی ہیں جن میں گوہر علی ولد اختر گل، عثمان ولد اورنگزیب، فرہاد ولد سرفراز، علی خان ولد غفور اور یعقوب ولد ایوب شامل ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف تجارتی مراکز، ہوٹلز اور سرراہ افراد کو ٹوکن کی شکل میں ہیروئن سپلائی کرنے سمیت منشیات ڈیلرز کو بھی سپلائی کا انکشاف کیا جن کی نشاندہی پر متعدد دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔
کریک ڈاون کے دورا ن گرفتار افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر ساڑھے چھ کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کر لی گئی جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ۔
