لاہور(نمائندہ جسارت)سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہاہے کہ عہدے سے ہٹانے کا غیرآئینی نوٹیفکیشن مسترد کرتا ہوں۔پنجاب کے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر پاکستان کی جانب سے غیر معمولی حالات کے پیش نظرسمری مسترد کرنے کے باوجود کیبنٹ ڈویژن نے غیر آئینی نوٹیفکیشن جاری کیا جسے مسترد کرتا ہوں۔عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے انشا اللہ جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے قائمقام گورنر پنجاب بننے سے انکار کردیا ہے۔ترجمان مسلم لیگ (ق) نے چودھری پرویز الٰہی کے گورنر پنجاب بننے سے انکار کی تصدیق کی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ گورنر ہائوس کا عملہ چودھری پرویز الٰہی کے پاس پنجاب اسمبلی میں قائمقام عہدے کی سمری پر دستخط کے لیے آیا تھا۔ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر ہائوس کے عملے کو واپس بھجوادیا ہے۔
