پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان نے وفاق پر ترقیاتی فنڈز روکنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت سے سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے، 17 ارب روپے نہیں دیے جارہے۔وہ بدھ کے روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشاور کی نئی کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ محمود خان کہنا تھا کہ جب سے وفاق میں حکومت تبدیل ہوئی ہے، خیبرپختونخوا حکومت کو سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے، ضم شدہ اضلاع کے 17 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز روک لیے گئے ہیں اور فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کو پی ایس ڈی پی سے نکالنے کی کوششیں ہورہی ہیں اور خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں صوبے کو گیس سے متعلق مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے صوبے کے حقوق کے تحفظ کا حلف لیا ہے ا س لیے وہ بحیثیت وزیراعلیٰ صوبے کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کریں گے اور صوبے کے عوام کے حقوق کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے ، ہمارا تعلق چاہے کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو ہمیں صوبے کے حقوق کے لئے مل کر کوششیں کرنی ہونگی۔ انہوں نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ صوبے کے حقوق کے لیے قانونی اور آئینی جدوجہد میں صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں۔
