نئی دلی(صباح نیوز)بھارتی عدالت عظمیٰ نے نوآبادیاتی دور کے غداری کے قانون پرپابندی عاید کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو مقدمات کے اندراج سے روک دیا ۔میڈیارپورٹ کے مطابق چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے غداری کے قانون کے آئینی جواز کو چیلنج کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے بعد اپنے عبوری حکم میں کہا کہ غداری کے قانون کے تحت جیل میں نظر بند افرادریلیف اور ضمانت کے لیے مجاز عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے مودی حکومت سے غداری کے قانون پر ازسرنو نظرثانی کی بھی ہدایت کی ۔عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ جب تک غداری کے قانون پر نظر ثانی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا ملک میں اس دفعہ کے تحت کوئی مقدمہ درج یا کسی بھی قسم کی تفتیش نہیں کی جائے گی۔
