English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت بھارت سے تجارت کی بحالی کے فیصلے پر نظرثانی کرے ،شاہ محمود

القمر

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیرخارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت بھارت کے ساتھ تجارت بحال کرنے کے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے علم میں لایا گیا شہباز حکومت نے بھارت کیساتھ تجارت کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے اور بھارت میں کامرس افسر تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ حکومت نے تن تنہا بہت بڑا فیصلہ کیا ہے جس سے کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، اور ان کی دل آزاری ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے پر بلاول زرداری کی خاموشی افسوسناک ہے، لوگ سوال اٹھارہے ہیں، بھارت سے تجارت کی بحالی کے فیصلے پر آزاد کشمیر اسمبلی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔انہوںنے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے حملے کیے، بلاول خاموش رہے، مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے چڑھائی کی، بلاول کی خاموشی معنی خیز ہے، ان کی طرف سے کیوں مذمت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آٹے کی قلت ہونے والی ہے، کیا حکومت نے گندم کی درآمد پر کوئی فیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت پانی کا حساس مسئلہ بھی موجود ہے، سندھ کا ہاری سراپا احتجاج ہے پانی کی شدید قلت ہے، دوسری جانب بھارت نے دریائے چناب پر نیا پروجیکٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت نے ڈیزائن شیئر کرنا ہے، لیکن اب تک نہیں کیا، کیا بلاول نے اس کا نوٹس لیا؟َ۔بلاول کو عالمی سطح پر بھارت کی آبی جارحیت کا مسئلہ اٹھانا چاہیے۔ علاوہ ازیںترجمان وزارت تجارت نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھارت کے ساتھ تجارت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نئی دہلی میں وزیر تجارت اور سرمایہ کاری کا عہدہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے اس کا بھارت کے ساتھ تجارت چلانے یا موجودہ تناظر میں کسی اور طرح سے کوئی تعلق نہیں ہے ،نئی دہلی سمیت تجارت اور سرمایہ کاری کے افسران کے انتخاب کا عمل دسمبر، 2021ء میں شروع ہوا انٹرویو بورڈ کی حتمی سفارشات یکم اپریل2022ء یعنی پچھلی حکومت کے دوران وزیر اعظم کے دفتر کو بھیجی گئی تھیں،موجودہ حکومت نے 15 ٹریڈ آفیسرز کے انتخاب کے لیے پچھلی حکومت کی سفارشات پر حتمی منظوری دی، تجارت اور سرمایہ کاری افسر نئی دہلی کے تقرر کو بھارت کے ساتھ تجارتی پابندیوں میں کسی نرمی کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے