دھابیجی(نمائندہ )دھابیجی قومی شاہراہ پر پکنک پر جانے والی تیز رفتار کوسٹر کی ٹکر سے 2نوجوان جاں بحق، 2شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ورثا کا قومی شاہراہ پر میت رکھ کر احتجاج۔ پولیس نے کوسٹر کو ڈرائیور سمیت تحویل میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح غریب آباد مارکیٹ دھابیجی قومی شاہراہ پر کراچی سے ٹھٹھہ جانیوالی تیز رفتار پکنک کوسٹر(منی بس) نے سوزوکی پک اپ سے مرغیاں اتارنے والے 4نوجوانوں کو زوردار ٹکر ماردی۔ جس کے نتیجے میں برائیلر مرغیوں کے مقامی ڈیلر اور انجمن تاجران کمیٹی دھابیجی کے رہنما انور کمال سولنگی کا کزن عمران سولنگی اور انکا ڈرائیور محرم خاصخیلی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو مزدور شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو ایمبولینس کے ذریعے گھارو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا۔ حادثے کے بعد کوسٹر ڈرائیور گاڑی لے کر موقع سے فرار ہوگیا جس کو پولیس نے ناکہ بندی کرکے گجو تھانہ کی حدود سے گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور غریب آباد مارکیٹ دھابیجی قومی شاہراہ کے دونوں اطراف لگے درجنوں ٹھیلے اور پتھارے ہٹا کر نیشنل ہائی وے کو کلیئر کردیا۔ اس موقع پر پولیس کا کہنا تھا کہ اگر اب کوئی بھی ٹھیلہ یا پتھارا روڈ پر لگا تو اس دکاندار سمیت ٹھیلے والے کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے اسے گرفتار کیا جائے گا۔ جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے عمران سولنگی کے ورثااور تاجروں سمیت شہریوں نے میت قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا جس کے باعث آدھا گھنٹہ کراچی ٹھٹھہ روڈ بلاک ہوگیا۔ اس موقع پر انجمن تاجران کمیٹی کے رہنما انور کمال سولنگی کا کہنا تھا کہ آج کے بعد اگر کسی نے بھی ٹھیلہ یا پتھارا قومی شاہراہ پر لگایا تو میں اپنے بھائی کے قتل کا مقدمہ اس کے خلاف درج کرائوں گا۔ یادرہے کہ غریب آباد مارکیٹ قومی شاہراہ پر گزشتہ کئی عرصے سے بااثر افراد نے درجنوں ٹھیلے اور پتھارے قومی شاہراہ پر لگا رکھے ہیں جن سے یومیہ بھاری بھتا وصول کیا جاتا ہے۔ جبکہ تجاوزات کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ حادثات آئے روز کا معمول بنے ہوئے ہیں۔
