English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ججز اور آرمی چیف کے تقرر میں سیاسی عمل دخل ختم کیا جائے ،جماعت اسلامی

القمر
لاہور: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے ججز اور آرمی چیف کے تقرر کے معاملات میں سیاسی عمل دخل اور سیاسی قیادت کی صوابدید کو یکسر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے میرٹ اور سینیارٹی کے اصولوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ہفتے کو منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب اور ایک الگ بیان کے ذریعے انہوں نے کہا کہ ادارے خود اعلیٰ تقرریوں کا طریقہ کار وضع کریں اور پارلیمنٹ اس کی منظوری دے۔ اصولوں اور قوانین کی تشکیل سے مستقبل میں سیاسی قیادت کی پسند و ناپسند پر تقرریوں کی بحث مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال میں جب ملک پر حکمرانی کرنے والی سیاسی جماعتیں خود جمہوریت کے اصولوں سے ناآشنا اور جماعتی الیکشن کرائے بغیر یا نام نہاد انتخابی عمل کے ذریعے شخصی آمریت اور خاندانی اجارہ داری کو قائم رکھے ہوئے ہیں کیسے شفاف طریقے سے ملک کے اہم ترین اداروں میں اعلیٰ ترین عہدوں پر تقرریاں کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ججز اور جرنیلوں کے تقرر کو متنازع بنا دیا گیا ہے اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے یہ معاملات انتہائی نازک صورتحال اختیار کرچکے ہیں لہٰذا ایسا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر واضح ہوچکا ہے کہ بڑے بڑے سیاستدان محض جمہوریت کا راگ الاپتے ہیں، مگر اپنی پارٹیوں کو آمرانہ انداز میں چلا رہے ہیں۔ ملک میں جاری لڑائی صرف مفادات کے لیے ہے قوم کی کسی کو فکرنہیں۔ امیرالعظیم نے افسوس کا اظہارکیاکہ نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں، فوج، عدلیہ اور دیگر ادارے قومی تقدس کا نام لے کر عوام سے اندھا اعتماد چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ادارے بیانیہ کی تشکیل پر زور دینے کے بجائے کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ عوام کے دلوں میں ان کے لیے حقیقی عزت پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ سود سے پاک معیشت، کرپشن فری اسلامی پاکستان کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ آزمائے ہوئے وڈیروں، جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو باربار موقع دینے سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ جماعت اسلامی انتخابی اصلاحات کے بعد فوری انتخابات چاہتی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے