نئی دہلی:بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی، جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے سمیت سڑکیں بہہ گئیں۔
حکام نے اتوار کے روز کہا کہ 6 ضلعوں میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 3 افراد ہلاک اور 25 ہزار کے لگ بھگ متاثر ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ ضلع دیما ہسا کے علاقے ہفلونگ کی سڑک کا ایک حصہ موسلا دھار بارشوں سے بہہ گیا، جبکہ ضلع ہوجائی میں ہوجائی اور مغربی کربی انگلونگ اضلاع کو آپس میں ملا نے والی محکمہ تعمیرات عامہ کی سڑک ہفتہ کے روز سیلابی پانی میں ڈوب گئی۔
رپورٹس کے مطابق لاخیم پور اور نگاں اضلاع میں متعدد سڑکوں، پلوں اور آبپاشی کی نہروں کو بھی نقصان پہنچا۔ ریاست آسام کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی( اے ایس ڈی ایم اے) کے مطابق دیما ہسا ضلع کے علاقے ہفلونگ میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ میں ایک خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
(اے ایس ڈی ایم اے) نے ایک بیان میں کہا کہ 6 اضلاع میں 94 دیہات سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں،سیلابی پانی نے 24 ہزار 681 افراد متاثر اور 1732.72 ہیکٹرز کے رقبے پر فصلوں کو تباہ کیا۔
حکام نے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو آپریشنز کے لئے فوجی، نیم فوجی دستوں اور ڈیزاسٹر رسپانس فورسز کے ساتھ فائر اور ایمرجنسی سروسز کو تعینات کر دیا ہے۔ آسام میں ہر سال مون سون کے دوران سیلاب آتے ہیں۔
