لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کنڈیشنگ کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے دوسرے روز بھرپور پریکٹس کی۔ اس دوران ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ اور فیلڈنگ کوچ بھی کھلاڑیوں کو ٹپس فراہم کرتے رہے۔ کھلاڑیوں نے سخت گرمی میں آئوٹ ڈور پریکٹس کے دوران فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں موجود خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ 60 کھلاڑیوں کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور طلب کیاگیا ہے۔ کیمپ دو مختلف مرحلوں میں لگایا جائے گا۔پہلے مرحلہ 15 سے 25 مئی تک جاری رہے گا، جہاں 27 کھلاڑی شرکت کریں گے۔اسی طرح 26 مئی سے 10 جون تک جاری رہنے والے دوسرے مرحلے میں 33 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔ انگلش کاؤنٹی چمپئن شپ میں مصروف کھلاڑیوں کو کنڈیشنگ کیمپ میں طلب نہیں کیا گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے، جس کے لیے پاکستان کا تربیتی کیمپ یکم جون سے راولپنڈی میں لگایا جائے گا۔کنڈیشنگ کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں میں پہلا گروپ 15-25 مئی تک جاری رہے گا جس میں عبداللہ شفیق، عاکف جاوید، ارشد اقبال، ارشد اللہ، آصف آفریدی، آصف علی، بابر اعظم ودیگر شریک ہیں۔
