واشنگٹن: پاکستان کے لیے امریکا کے نامزد سفیر ڈونلڈ بلوم نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، وہ جلد دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا مختلف شعبوں میں مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں، اور صحت، تجارت، سرمایہ کاری، صاف ماحول پر باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔
ڈپٹی سیکریٹری اسٹیٹ نے ٹویٹر اکانٹ پر حلف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سفیر ڈونلڈ اے بلوم کو پاکستان میں امریکی سفیر کی حیثیت سے حلف دلانے کا اعزاز حاصل ہوا، سفیر بلوم امریکا اور پاکستان کے 75 سالہ تعلقات کو استوار کرنے کے لیے ایک شان دار انتخاب ہیں، اور ہم اس اہم عہدے کی تصدیق پر سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
نئے سفیر ڈونلڈ بلوم نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ کرونا وبا سے لے کر موسمیاتی تبدیلی تک پاکستان کا تعاون قابل تعریف ہے، دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ ان کے لیے پاک امریکا تعلقات کے 75 ویں سال کے موقع پر عہدہ سنبھالنا اعزاز کا باعث ہے۔