لندن (جسارت نیوز)مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر فیصل ملک کا مقصد دنیا کا پہلا برطانوی ایشین ایم ایم اے ورلڈ چمپئن بن کر تاریخ رقم کرنا ہے جبکہ وہ کولچسٹر کے چارٹر ہال میں28مئی کوکیج واریئرز ‘ مقابلے میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس نے کئی سابق لیجنڈز دنیا میں متعارف کرائے ہیں جن میں کونور میک گریگور اورمائیکل بسپنگ بھی شامل ہیں۔فیصل ملک کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی انتظامی کمپنی نے کہا ہے کہ لوٹن میں پیدا ہونے والے فائٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ وہ کیج واریرز کے پہلے برطانوی ایشین چیمپئن بننے کے ساتھ ساتھ ‘دی الٹی میٹ فائٹنگ چمپئن شپ’ (یو ایف سی) بھی جیتیں گے۔فیصل ملک ایک بے داغ، شاندار پیشہ ورانہ ریکارڈرکھتے ہیں جنہوں نے اپنی پانچ فائٹ میں سے ہر فائٹ ایک منٹ، 5 سیکنڈ میں جیتی ہے۔فیصل ملک کا کہنا ہے کہ عالمی چیمپئن بننا حیرت انگیز، ایک ناقابل یقین کامیابی اور ایک خواب ہوگا خاص طور پر جبکہ میں ایسا کرنے والا پہلا ایشیائی برطانوی باشندہ ہوں گا اور کچھ نہیں تو یہ کم از کم یہ ضرور ثابت کرے گا کہ میں خود پر اعتماد رکھتا ہوں لیکن اس وقت میں بہت زیادہ دور کا سوچنا نہیں چاہتا، مجھے بس جیتتے رہنا ہے، اپنی جیت سے شور پیدا کرنا ہے اور تاریخ ساز عالمی چمپئن بننے کے لیے مجھے صرف یہی کرنا ہے۔جان سیگاس کے ساتھ اپنی آنے والی لڑائی پر بات کرتے ہوئے، فیصل ملک نے مزید کہا کہ وہ فرانسیسی کھلاڑی کو پہلے ایک یا دو رانڈ میں چت کر دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے کیج واریئرز کے ڈیبیو کو دیکھنے والے لوگ ایک بہت ہی یکطرفہ کارکردگی کے ساتھ میری ایک اور جیت دیکھیں گے۔