ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کو نوٹس جاری

اسلام آباد(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں )انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن حرکت میں آگیا، وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور تحریک انصاف کو فائنل نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ پارٹی نشان کے حصول کے لیے ن لیگ کو نااہل قرار دیا جائے۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن کی انٹراپارٹی الیکشن کروانے کی مقررہ تاریخ 13 مارچ 2022 تھی، ن لیگ کی درخواست پر 14 مئی تک انٹراپارٹی الیکشن کروانے کی آخری تاریخ دی گئی تھی لیکن مسلم لیگ ن نے تاحال الیکشن کمیشن کو انٹراپارٹی الیکشن کروانے کا سرٹیفکیٹ مہیا نہیں کیا۔انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف کو بھی فائنل نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کی انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کی مقررہ تاریخ 13جون 2021 تھی، پارٹی درخواست پر 13 جون 2022 تک کا ٹائم دیا گیا ہے، انٹراپارٹی الیکشن کروانے کیلیے مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔تفصیلا ت کے مطابق الیکشن کمیشن آ ف پاکستان نے مختلف سیاسی پارٹیوں کوانٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے اور الیکشنزایکٹ کی دفعات 209اور 210 کی خلاف ورزی پر زیر دفعہ 215(4) کے تحت شو کاز نوٹس جاری کیے ہیں کہ کیوں نہ ان پارٹیوں کو انتخابی نشان کے حصول کیلیے نااہل قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جن پارٹیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں پاکستان کسان اتحاد( چودھری انور)، پاکستان تحریک انصاف (گلالئی)، پاکستان قومی یکجہتی پارٹی ، محب وطن نوجوان انقلاب کی انجمن، متحدہ علما مشائخ کونسل آف پاکستان ، پاکستان امن پارٹی ، سنی اتحاد کونسل ، سنی تحریک، عام آدمی تحریک پاکستان ، آل پاکستان تحریک اور پاکستان ہیومن رائٹس پارٹی شامل ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی انٹراپارٹی الیکشن کرانے کی مقررہ تاریخ 13مارچ 2022تھی اور پارٹی کی درخواست پراسے الیکشن کمیشن کی طرف سے 14مئی 2022 کوانٹراپارٹی الیکشن کرانے کی آخری تاریخ دی گئی تھی اور اس نے الیکشنز ایکٹ کی دفعہ (1)209 کے تحت ہفتہ 21مئی 2022 کو الیکشن کمیشن کو سرٹیفکیٹ مہیا کرناتھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن ہوگئے ہیں ۔مذکورہ پارٹی نے الیکشن کمیشن کو انٹراپارٹی الیکشن کروانے کا سرٹیفکیٹ مہیانہیں کیا۔الیکشن کمیشن آ ف پاکستان نے پارٹی سربراہ کوالیکشن نہ کروانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا ہے کہ کیوں نہ پارٹی نشان کے حصول کیلیے پارٹی کو نااہل قرار دیا جائے ۔ علاوہ ازیں بعض سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے لیے فائنل نوٹس جاری کیے گئے ہیں کہ وہ مقررہ میعاد کے اندر اپنے انٹراپارٹی الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں ۔ ان پارٹیوں میں عام لوگ اتحاد (23 اگست 2022)، پاکستان عوامی راج (26 جون 2022)، پاکستان نیشنل مسلم لیگ (6 جون 2022)، پیپلزمومنٹ آف پاکستان (4 اگست 2022)، تحریک درویشاں پاکستان (15 جولائی 2022) اور پاکستان سنی تحریک (22 مئی 2022) شامل ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی مقررہ تاریخ 13جون 2021 تھی ۔ پارٹی کی درخواست پر اسے 13 جون 2022 تک کا ٹائم دیا گیاہے ۔ الیکشن کمیشن نے مذکورہ بالا تمام پارٹی سربراہان کو بھی فائنل نوٹس جاری کیا ہے کہ ان تمام پارٹیوں کو انٹراپارٹی الیکشن کرانے کے لیے مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔علاوہ ازیںالیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کی تیاری شروع کر دی ۔الیکشن کمیشن نے ساتویں مردم شماری کے حتمی نتیجے سے متعلق ادارہ شماریات کو مراسلہ بھیج دیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق ساتویں مردم شماری کا نتیجہ فروری 23 20کی بجائے31 دسمبر 2022 کو شائع کیا جائے، نئی مردم شماری کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن کو تازہ حلقہ بندیوں کے لیے 4 ماہ چا ہییں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن اکتوبر کے اختتام یا نومبر کے آغاز میں عام انتخابات کرانے کو تیار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ2017 کی مردم شماری کے مطابق ملک بھر میں حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں، حلقہ بندی کمیٹیاں ابتدائی حلقہ بندیوں کو 24مئی تک مکمل کر لیں گی۔الیکشن کمیشن نے غیرحتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے لیے ڈسپلے سینٹر قائم کر دیے، ڈسپلے سینٹر21 مئی سے لے کر 19جون تک کھلے رہیں گے۔ذرائع کے مطابق 28 مئی کو ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کر دی جائے گی، ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات 29 مئی سے28جون تک جمع کرائے جا سکتے ہیں جبکہ 3 اگست کو ملک بھر میں حلقہ بندیوں کے کام کی تکمیل اور حتمی اشاعت ہو گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ نئی مردم شماری ہونے پر الیکشن کمیشن 2023 اکتوبر، نومبر میں عام انتخابات کرا سکے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں