دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فضائیہ نے شام میں ایک بار پھر بمباری کردی،جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دمشق کے اطراف میں ایران نواز ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ادھر اسدی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے اس کارروائی کا راستہ روکنے کی کوشش کی اور کئی میزائلوں کو فضاہی میں تباہ کردیا۔ ۔انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق کارروائی میں ایران نواز ملیشیا کے 3جنگجو ہلاک اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔ اس دوران دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔شامی ساحل ، حماہ کے دیہی علاقے اور شام کے وسطی علاقے میں زور دار دھماکے سنے گئے۔واضح رہے کہ اسرائیل شام کے اندر ایرانی ملیشیاؤں اور لبنانی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بم باری کا نشانہ بناتا ہے تاہم ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کرتا۔