ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اب کوئی کراچی کو یرغمال نہیں بناسکے گا،عوام جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدواروں کو کامیاب کرائیں،حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اورمولانا فضل احدضلع کیماڑی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کی تباہ حالی، گمبھیر بلدیاتی مسائل کے حل کے سلسلے میں29 مئی کو مزار قائد سے نکالے جانے والے حقوق کراچی کارواں کے حوالے سے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ضلع کیماڑی کے علاقوں شیرشاہ، بلدیہ ٹاؤن عابد ہ آباد، فرنٹئیر کالونی، میٹروول اور ہارون آبادکا دورہ کیا، دورے کے دوران عوام سے ملاقاتیں کیں اور مختلف مقامات پر کارنرمیٹنگز سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر عوام نے امیرجماعت اسلامی کراچی کا پرجوش نعروں سے استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ دورے میں امیرجماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد حنیف، سیکرٹری ضلع ڈاکٹر نورالحق، بلدیاتی امیدوار ویوسی14 کے سابق چیئرمین نواز خان، یوسی15 کے سابق وائس چیئرمین وبلدیاتی امیدوار جلیل شمسی، یوسی4 کے سابق چیئرمین عبد الصمد خان، ناظم علاقہ پٹھان کالونی احسان محمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی وہ بد قسمت شہر ہے جہاں انتخابات نزدیک آتے ہی تمام پارٹیاں برساتی مینڈکوں کی طرح نمودار ہوجاتی ہیں لیکن منتخب ہونے کے بعد ان کے نمائندے خلائی مخلوق بن جاتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کراچی آئے لیکن وہ بھی گزشتہ حکمرانوں کی طرح زبانی اعلانات کر کے چلے گئے۔ جماعت اسلامی کراچی کے مسائل کے حل کی جد وجہد کر رہی ہے اور اس سلسلے میں29 مئی کو مزار قائد سے تاریخی حقوق کراچی کارواں نکالا جائے گا، عوام کارواں میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوں اور جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک کا حصہ بنیں۔ کراچی اس وقت بدترین مسائل سے دوچار ہے، پانی اوربجلی کا شدید بحران ہے، واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت نے کراچی کے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ شہر کے تمام بلدیاتی ادارے با اختیار میئر کے ماتحت کیے جائیں، جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے باہر29 دن تاریخی دھرنا دیا اور بااختیار شہری حکومت کے لیے طویل جد وجہد کی، ماضی میں واٹر بورڈ پر ایم کیو ایم کا قبضہ تھا لیکن اب شہر بدل رہا ہے اب کسی میں اتنی جرأت نہیں ہوگی کہ کراچی کو دوبارہ یرغمال بنا سکے، ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ماضی کی طرح آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں یہی نمائندے پھر سے انہی گلیوں میں آپ کے درمیان موجود رہیں گے اور مسائل حل کرائیں گے، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے 100ملین گیلن کا کے تھری منصوبہ مکمل کر کے کراچی کے عوام کو پانی دیا اور اس کے بعدK-4 منصوبہ پیش کیا لیکن ان کی مدت مکمل ہونے کے بعد آج17 سال گزر گئے ابھی تک یہ منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا، اس عرصے میں وفاق میں مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی کی حکومت رہی اور ایم کیو ایم ہر حکومت میں شامل رہی لیکن K-4 منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو جھولی بھر بھر کے مینڈیٹ دیا لیکن انہوں نے بھی سوائے اعلانات اور دعوؤںکے کراچی کے عوام کو کچھ نہیں دیا، پی ٹی آئی کے سربراہ اورسابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے عوام کو65 کروڑ گیلن پانی فراہم کرنے کا وعدہ کیا جوبعد میں26 کروڑ گیلن کا منصوبہ کر دیا گیا اس کے بعد26 کروڑ گیلن پانی بھی شہر کو نہیں دیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے حق کی جد وجہد کر رہی ہے۔ شہر کراچی کو اب ان چوروں اور لٹیروں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، اب کراچی کے عوام اپنے بچوں کا مستقبل مزید داؤ پر نہیں لگا سکتے، آج شہر کراچی کو جماعت اسلامی کی امانت دار قیادت کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل احد حنیف نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں حق دو کراچی تحریک کا آغاز کیا تو جماعت اسلامی نے نادرا کے ستائے ہوئے عوام کے شناختی کارڈ بنوائے، آج بھی حافظ نعیم الرحمن اور جماعت اسلامی کے نمائندے عوام کے درمیان موجود ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں