کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) حکومت سندھ نے شہر کے ضلع ملیر میں ملیرڈیولپمنٹ اتھارٹی کی سیکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی پر جاری قبضوں کا نوٹس لیکر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے حاجی احمد کا تبادلہ کردیا ہے جبکہ یہاں قبضہ کی گئی اراضی کو واہ گزار کرانے کے لیے سابق ڈی جی سہیل خان کو ایک بار پھر ڈائریکٹر جنرل کی اسامی پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فوری طور پر محمد سہیل خان کو حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی اسامی سے ہٹاکر انہیں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایم ڈی اے ) میں رپورٹ کرنے کی ہدایات کی ہیں۔اس ضمن میں چیف سیکرٹری سندھ کے دستخط سے احکامات جاری کردیے گئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد سہیل خان جو گریڈ 20 کے آفیسر اور ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اور ممبر لینڈ و ایڈمنسٹریشن ہیں کی خدمات واپس ایم ڈی اے کے سپرد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جلد ہی سہیل خان کو ڈی جی ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی تعینات کردیا جائے گا اور انہیں سرکاری پلاٹوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف آپریشن کرکے اراضی واہ گذار کرانے کا ہدف دیا جائے گا۔