اسلام آباد:وزیرداخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عہدیداروں کے گھروں سے بھاری اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہونا خونی مارچ کے ثبوت ہیں ،سیاست کے لبادے میں دہشت گردی کی سازش برداشت نہیں کریں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران نیازی خیبرپختونخوا حکومت کے سرکاری وسائل اور سرکاری مشینری کو اپنے فساد کے لئے استعمال نہ کریں ، لاہور پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کا گھر بارود خانہ نکلا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ثبوت ہے کہ عمران نیازی سیاست نہیں کررہا، دہشت گردی پر اتر آیا ہے ۔ بے گناہ پولیس جوان کمال احمد کے سینے میں لگی گولی کہاں سے آئی، قوم نے دیکھ لیا ہے ۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ یہ پرامن سیاسی کاررواں نہیں بلکہ مسلح لشکر کشی ہے ۔ اس برآمدگی، پنجاب پولیس کے جوان کی شہادت کے بعد عمران نیازی پر اعتبار نہیں کرسکتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی سے کہتا ہوں کہ خونی انقلاب منسوخ کردے، آئین، قانون اور امن کا راستہ اپنائے ۔ عمران نیازی خیبرپختونخوا حکومت کے سرکاری وسائل اور سرکاری مشینری کو اپنے فساد کے لئے استعمال نہ کرے ۔ معیشت کی بنیادوں میں بارود بھرنے والوں کو معاشرے کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے ۔ آئین اور قانون پر سختی سے عمل ہوگا، قانون صرف اسے پکڑے گا جو قانون ہاتھ میں لے گا ۔
