English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شریف حکومت نے قوم پر پہلا پیٹرول بم گرادیا، فی لیٹر30روپے اضافہ

القمر

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا، جس کا نفاذ رات 12 بجے سے ہی ہوگیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قیمت میں اضافے کے بعد پیٹرول 179 روپے 86 پیسے، ڈیزل 174 روپے 15 پیسے، مٹی کاتیل 155 روپے 56 پیسے اور لائٹ ڈیزل 148 روپے 31 پیسے کا ہوگیا۔انہوںنے کہا کہ آج بھی یہ 30 روپے بڑھانے کے بعد حکومت ڈیزل پر 56 روپے نقصان کر رہی ہے، 37 روپے 84 پیسے لائٹ ڈیزل، مٹی کا تیل 21 روپے 83 پیسے اور پیٹرول پر 17 روپے 2 پیسے نقصان کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے تھوڑی سی مہنگائی بڑھتی ہے البتہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سے روپے کو استحکام ملے گا، آئی ایم ایف نے بھی پیٹرول کی قیمت بڑھانے تک ریلیف دینے سے انکار کیا ہے۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ عوام پر کسی بھی قسم کا بوجھ ڈالنا ہمارے لیے مشکل فیصلہ تھا مگر سابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو فکس کیا، جس کی وجہ سے آج ہمیں مشکلات کا سامنا ہے مگر وزیراعظم شہبازشریف نے قیمتوں میں اضافے کا یہ مشکل فیصلہ لیا ہے۔وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی روپے کی قدر میں اضافہ ہوگا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نیچے آئیں گی، ہم سمجھتے ہیں فیصلے سے ہماری سیاست کو نقصان پہنچے گا مگر ہمارے لیے ملک اور معاشی صورت حال زیادہ اہم ہے۔ واضح رہے کہ دوحا میں پاکستان اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان 4 روزہ جائزہ مذاکرات گزشتہ ختم ہوئے، جس میں عالمی مالیاتی فنڈز نے نئی قسط جاری کرنے کے لیے پیٹرول اور بجلی پر دی گئی سبسڈی ختم کرنے کی شرط عاید کی تھی۔7ویں جائزہ مذاکرات کے اختتام پر عالمی مالیاتی فنڈز کی جانب سے اعلامیہ میں آئی ایم ایف نے پاکستان میں پالیسی ریٹ (شرح سود) میں اضافے کا خیر مقدم کیا اور واضح کیا کہ ایک ارب ڈالر قرض کی قسط کے لیے پاکستان کو پیٹرول اور بجلی پر دی گئی سبسڈی کو ختم کر کے قیمتوں کو بڑھانا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے