English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کشمیریوں کی حقیقی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے ، او آئی سی کا یاسین ملک کی عمر قید پر اظہار تشویش

القمر

ریاض،سری نگر(آن لائن،اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) نے بھارتی عدالت کی جانب سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام کشمیری رہنمائوں کو رہا کیا جائے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلم ممالک کی نمائندہ تنظیم ’’ آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن‘‘ نے اپنے ایک بیان میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک کی دہائیوں سے قیادت کرنے والے ممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کو بھارت میں عمر قید سزا ہونے پر گہری تشویش ہے۔او آئی سی نے عالمی قوتوں پراس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ کشمیریوں کی حقیقی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے اور کشمیریوں پر مظالم کو فوری طور پر بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ بیان میں بھارت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی طورپر گرفتار تمام کشمیری رہنمائوں کو رہا کیا جائے۔بیان میں بھارت سے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے حاصل حق خود اردیت کا احترام کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو 19مئی کو دہشتگردی کی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔تاہم بدھ کے روز یاسین ملک کو بھارتی عدالت نے 2 بار عمر قید کی سزا سنائی جب کہ ان پر 10 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔علاوہ ازیںغیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع اسلام آباد میں مزید دوکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کی ضلع کے علاقے شتی پورہ بج بہاڑہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔بھارتی فورسز نے علاقے کے تمام داخلی اورخارجی راستوں کوبند کردیا اورگھرگھر تلاشی لی۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔تین روز میں کشمیری شہداء کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے