بدین (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے تحت بدین،ٹنڈوباگو،گولارچی اورشادی لارج سمیت دیگر شہروں میں پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کراچی اور حیدرآباد جانے والے داخلی وخارجی راستے بند، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی کے تحت بدین، گولارچی ،ٹنڈوباگواور شادی لارج میں پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی یوتھ، اسلامی جمعیت طلبہ، جمعیت طلبہ عربیہ سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر تھامے ہوئے تھے۔ بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر جماعت اسلامی ضلع بدین کی سیاسی کمیٹی کے صدر اللہ بچایو ہالیپوٹہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کیا اب یہ خود عوام کے پیٹ کو چاک کررہی ہے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے اضافے سے مہنگائی نے عوام کا جینا بھی حرام کردیا ہے جن سے غریب طبقے کے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے جبکہ بچوں کی ماہانہ فیسوں کی ادائیگی کرنے کی بھی ہمت نہیں رہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے انسانیت کا معاشی قتل عام کیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے میسر ہورہی ہے۔ جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر اللہ بچایو ہالیپوٹہ نے مزید کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ عوام سے جیننے کا حق چھیننے کی کوشش ہے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ایک دن کی اجرت کمانے والے محنت کش طبقہ بھی بے روزگار ہوجائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام پر پیٹرول اور دیگر مصنوعات میں من مانے اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سے ملک مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوجائے گا حکومت عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے ورنہ دیگر صورت میں احتجاج کی کال دیکر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ ٹنڈوباگو میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر عبدالکریم بلیدی۔ گولارچی میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکرٹری عظیم منصوری۔ شادی لارج میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر غلام رسول احمدانی اسٹنٹ سیکرٹری جنرل محمد سلیم جونیجو ودیگر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔
