اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے انٹراپارٹی الیکشن چیلنج کرنے کے کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے وکیل نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت نہیں کرسکتا۔
الیکن کمیشن نے چوہدری شجاعت کو پارٹی کے صدر کے عہدے پر برقراررکھنے کے حکم میں کل 18اگست تک توسیع کردی ہے۔
دوران سماعت چوہدری پرویز الہیٰ کے وکیل نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھا دیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت نہیں کرسکتا کیونکہ اس حوالہ سے لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایات دے دی ہیں۔
پرویز الہیٰ کی جانب سے تحریری طور پر اعتراضات بھی الیکشن کمیشن میں جمع کروادیئے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ دائرہ اختیار اور اعتراضات کے حوالہ سے درخواست پر بعد میں فیصلہ کریں گے، آپ کی درخواست پر فوری فیصلہ کرنے کے پابند نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ دلائل کے بعد فیصلہ کریں گے کہ آگے کیسے چلنا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 18اگست تک ملتوی کردی۔الیکشن کمیشن نے پرویز الہیٰ کے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر اپنے دلائل دیں۔
