بھارت کے سپر اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے کھیل کے میدان میں ذہنی مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیریئر کے دبا سے بعض اوقات ذہنی صحٹ پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ کیریئر کے دباو نے بعض وقت ان کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ گزشتہ روز شائع ہونے والے انٹرویو میں بھارتی بلے باز نے اپنی ذہنی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر ان لمحات کا سامنا کیا ہے کہ جب ایک کمرے میں ایسے لوگ موجود ہوتے ہیں جو بہت پیار اور سپورٹ کرتے ہیں مگر وہاں بھی میں خود کو تنہا محسوس کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ یہ ایسی احساسات ہیں جن سے بہت لوگ خود کو جوڑ سکتے ہیں۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ یہ یقینا ایک سنگین معاملہ ہے اور ہم خود کو جتنا بھی چاہے ہر وقت مضبوط کرنے کی کوشش کریں مگر پھر بھی یہ توڑ کر رکھ دیتا ہے۔انہوں نے ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایتھلیٹس کے لیے اہم ہے کہ وہ آرام کریں، کھیل کے دبائو سے نکل کر خود سے دوبارہ جڑنے کی کوشش کریں۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ اگر آپ یہ ربط کھو دیتے ہیں تو پھر آپ کے گرد دیگر چیزوں کے بکھرنے میں کوئی دیر نہیں لگے گی۔کرکٹ سپر اسٹار کا ایسا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب انہوں نے کچھ عرصہ قبل یہ اعتراف کیا تھا کہ 2014 میں انگلینڈ کے خلاف رنز بنانے میں ناکامی کی وجہ سے وہ ذہنی دبا کا شکار ہوگئے تھے۔
