راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عوام پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ چور و ڈاکو حکومت میں آنے کے بعد اپنے کیس ختم کرنے کے لیے مصروف ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کسی کو اہل اور کسی کو نااہل بنانے کے چکر میں بہت بڑا مسئلہ ہو سکتا ہے، روک سکو تو روک لو،عمران خان آرہا ہے۔ سڑکوں یا چوکوں پر فیصلہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم سے جنگ کرنی ہے یا صلح کرنی ہے یہ فیصلہ آپ کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جعلی بیماریاں کہہ کر بھاگے،ڈریں یہ بیماری اصلی نہ ہو جائیں جبکہ مجھ پر4 خود کش حملے ہوئے میں زندہ ہوں، مریم نواز نے میری کورونا کی ٹوئٹ لگا کر کہا اس کو ہارٹ اٹیک ہوگیا۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار میں 6 فیصد گروتھ تھی ، چور اور ڈاکو اپنے کیسز ختم کرنے آئے ہیں جبکہ چور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کرنے آئے ہیں، 13 چور جماعتوں نے ووٹ خریدے، سازش کرنے والے سن لیں قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وہ ہوتی ہے جوعوام کے دلوں میں ہو، آج سے لڑائی شروع ہے،ہم عمران خان کے ساتھ ہیں جبکہ آج بھی ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے ، چور ڈاکو نہیں۔
