اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے لیے 6 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست کو خارج کردیا۔
بدھ کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے 6 ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کا ریفرنس پہلے ہی الیکشن کمیشن میں زیرسماعت ہے اس لئے 6 ایم این ایزکی جانب سے توشہ خانہ کیس پر درخواست بے اثر ہوچکی ہے۔
عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ توشہ خانہ کیس میں سپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پرسماعت 29 اگست کو مقرر ہے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کے دلائل پر چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے لیے دائر 6ارکان قومی اسمبلی کی درخواست کو خارج کردیا۔
